آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج نے ہمیشہ کردار، جرات اور قابلیت کے بھرپور اوصاف کو برقرار رکھا ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے سپاہیوں نے ان کا بخوبی مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آٹھویں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلے کا اختتام ہو گیا،8ویں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلے کا انعقاد 14 سے 18 اپریل تک کھاریاں گیریژن میں کیا گیا۔
اختتامی تقریب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرنے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی،اس موقع پرآرمی چیف نے کہا کہ مشق پیشہ ورانہ صلاحیت اور عسکری حکمتِ عملی کا بہترین امتزاج ہے، حوصلہ اور قابلیت ہمارے سپاہیوں کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ کردار، جرات اور قابلیت کے بھرپور اوصاف کو برقرار رکھا ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے سپاہیوں نے ان کا بخوبی مظاہرہ کیا۔
مزید پڑھیں:پاکستان میں دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے،آرمی چیف
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پیشہ ورانہ مہارت اور جذبے کو سراہا،60 گھنٹے طویل پیٹرولنگ مشق کا مقصد جنگی مہارتوں میں اضافہ اور تجربات کا تبادلہ تھا۔پاک فوج کی 7 ٹیموں کے علاوہ پاک بحریہ کی ایک ٹیم اور 15 دوست ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی۔
بحرین، بیلاروس، چین، سعودی عرب، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکی، امریکہ اور ازبکستان نے شرکت کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بنگلہ دیش، مصر، جرمنی، کینیا، میانمار اور تھائی لینڈ کے مبصرین نے مشق کا مشاہدہ کیا۔آرمی چیف نے شرکاء میں انفرادی و اجتماعی انعامات بھی تقسیم کیے۔