سعودی عرب کی حکومت نے غیر ملکیوں کو مکہ اور مدینہ میں رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کے حصص میں سرمایہ کاری کی اجازت دے دی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اس بات کا اعلان کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی نے کیا جس نے غیر ملکیوں کی سرمایہ کاری کے لیے ضوابط پر عمل درآمد کو لازمی قرار دیا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق ان ضوابط کے تحت غیر ملکی افراد اور اداروں کی ملکیت مجموعی طور پر کمپنی کے شیئرز کا 49 فیصد سے زیادہ کی سرمایہ کاری نہیں کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سعودی کمپنیوں کے شیئرز میں سرمایہ کاری کرنے کی اجازت ہوگی جو سعودی مالیاتی مارکیٹ میں رجسٹرڈ ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق سرمایہ کاری کی اجازت دینا سعودی عرب کی اقتصادی حکمت عملی اور ولی عہد کے وژن 2030 کا حصہ ہے۔ غیرملکی سرمایہ کاری سے رئیل اسٹیٹ کے شعبے کو مزید استحکام ملے گا۔