پاکستان بھر میں آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے۔ کشمیر ڈے کے موقع پر ملک بھر میں ریلیاں اور تقاریب منعقد کی گئی ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کی اسمبلی میں خصوصی طور پر شرکت کی۔
آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صبح 10بجے سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ مظفرآباد میں کوہالہ پل پر سائرن بجا کر 2 منٹ تک خاموشی اختیار کی گئی، جب کہ انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا گیا۔
اسلام آباد میں کُل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر جماعتیں اقوام متحدہ کے دفتر میں یو این او کی قراردادوں کے تحت کشمیر میں استصواب رائے کرانے کے مطالبے پر مشتمل یادداشتیں پیش کی گئیں۔
ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تقاریب اور سیمینار منعقد کئے جارہے ہیں جن میں قابض فورسز کی بربریت کیخلاف آواز اٹھائی گئی ہے اور دہائیوں سے بھارتی فوج کے مظالم کا سامنا کرتے کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں خصوصی اجلاس بھی منعقد کیا گیا ہے۔ جس میں وزیراعظم شہباز شریف کشمیر اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ بھارتی جبر سے آزادی تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے، پانچ اگست دو ہزار انیس کے اقدامات کے بعد کشمیر کی صورت حال گھمبیر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی یکطرفہ اقدامات کو پاکستان اور کشمیریوں نے مسترد کردیا ہے، بھارت وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہے۔ بھارت سمجھتا ہے کہ کشمیری عوام کے آہنی ارادے کو کچل سکتا ہے تو وہ غلطی پر ہے۔
بھارتی افواج کی ریاستی دہشت گردی، کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتی۔ پاکستان بین الاقوامی فورمز پر بھارت کے وحشیانہ اقدامات کو بےنقاب کرتا رہے گا۔
یوم کشمیر پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کشميريوں کے حق خوداردايت کيلئے پاکستان کی غير متزلزل حمايت کا اعادہ کرتے ہيں، کشميری عوام کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خوداراديت دينا ہوگا۔
صدر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمير ميں ماورائے عدالت قتل اور تشدد ميں ملوث ہے۔ بھارت کا ظالمانہ رويہ جبری گمشدگيوں اور پيلٹ گن کے استعمال سے ظاہر ہوتا ہے۔
عسکری ترجمان کی جانب سے یوم کشمیر پر کشمیروں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ چيئرمين جوائنٹ چيفس آف اسٹاف، مسلح افواج کے سربراہان نے خصوصی پيغام میں کہا ہے کہ کشميريوں کے آزادی کے عزم کو دبايا نہيں جاسکتا، کشميريوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خوداراديت ملنا چاہيے۔