Close Button
Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

یوم آزادی پر ملک بھر میں تقاریب، توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز، صدر اور وزیراعظم کے خصوصی پیغامات

ملک بھر میں آج 76واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے، اس حوالے سے  ملک بھر میں  چھوٹی بڑی تقاریب منعقد کی جارہی ہیں۔

پاکستان کے 76ویں یوم آزادی پر دن کا آغاز اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی اور صوبائی ہیڈ کوارٹر میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

سرکاری و نجی عمارتوں اور سڑکوں، بازاروں اور مارکیٹوں میں شاندار چراغاں کیا گیا ہے جبکہ قومی پرچم، جھنڈیاں، بانیانِ پاکستان کی تصاویر اور بینرز جگہ جگہ آویزاں کیے گئے ہیں۔ یومِ آزادی کے موقع پر مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب بھی منعقد کی گئیں۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب روایتی جوش و خروش سے منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر پاکستان نیول اکیڈمی کے کموڈور محمد خالد تھے، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

اس دن کی مناسبت سے صدر و وزیر اعظم سمیت اہم شخصیات نے خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں۔ صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آئیے عزم کریں کہ ہم ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے تمام ہم وطنوں کو مبارکباد پیش کی اور ایک مضبوط، خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے نئے عزم پر زور دیا جس کا تصور بابائے قوم نے پیش کیا تھا۔

صدر نے کہا کہ میں اپنے ہم وطنوں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اپنے معاشرے کے محروم طبقات کی بہبود اور ترقی کے لیے کام کریں، آئیے عہد کریں کہ اسلام کے بیان کردہ جمہوریت، آزادی، مساوات، رواداری، عفو ودرگزر، سماجی و اقتصادی انصاف اور اخلاقی اصولوں کو برقرار رکھیں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم آزادی کی مناسبت سے اپنے خصوصی پیغام میں اس جذبے کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو تحریک آزادی کی روح تھا، انہوں نے آگے بڑھنے کے لیے اتحاد اور خود اعتمادی پیدا کرنے کی تلقین کی۔

وزیراعظم نے یوم آزادی کے موقع پر سمندر پار پاکستانیوں سمیت پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی، انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم ان مردوں، خواتین اور بچوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو قائداعظم محمد علی جناح کی متحرک قیادت میں ایک ایسی سرزمین کے حصول کی جدوجہد کے لیے اکٹھے ہوئے جسے وہ گھر کہہ سکیں، اس عمل میں انہوں نے پاکستان کے مقصد کے لیے محنت اور لگن کی شاندار مثال قائم کی۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts