پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سمیت صوبہ سندھ کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز نے او پی ڈیز بند کردی ہیں۔ ینگ ڈاکٹرز نے مطالبات پورے نہ ہونے پر ایمرجنسی کے بائیکاٹ کا بھی عندیہ دے دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 3 ڈاکٹرز کے تبادلے کا معاملہ شدت اختیار کرگیا۔ سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز سراپا احتجاج ہیں۔ کراچی کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال جناح اسپتال سمیت سندھ کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز احتجاج پر ہیں۔
ینگ ڈاکٹرز نے سرکاری اسپتالوں میں او پی ڈیز کا بائیکاٹ کررکھا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز کے نمائندوں کا کہنا ہے جب تک مطالبات پورے نہیں کئے جاتے اور ڈاکٹرز کے تبادلوں کا حکم واپس نہیں لیا جاتا احتجاج جاری رہے گا۔
ینگ ڈاکٹرز کے نمائندے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اگر انکے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو اگلے مرحلے میں ایمرجنسی اور آپریشن تھیٹر (او ٹی) کا بھی بائیکاٹ کردیا جائے گا۔
ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج کے باعث سرکاری اسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عوام کا مطالبہ ہے ڈاکٹرز اپنے مطالبات کے باعث عوام کو پریشان نہ کریں۔