کراچی کے مختلف علاقوں میں آج بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر میں آج صبح ہونے والی ہلکی بارش نے موسم خوشگوار کردیا۔
صدر، اولڈ سٹی ایریا، لیاری اور شارع فیصل میں بوندا باندی ہوئی جبکہ ملیر، لانڈھی، قائد آباد، کورنگی اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔ مجموعی طور پر کراچی شہر کا مطلع ابر آلود ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 24 سے 26 جولائی کے دوران تیز بارش کا امکان ہے، شہر میں 100 ملی میٹر یا اس سے زائد بارش ہوسکتی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق طاقتور مون سون سسٹم آج شام یا رات سے سندھ پر اثراندار ہونا شروع ہوجائے گا۔ مون سون سسٹم کی شدت زیادہ ہے، کراچی میں گرج چمک اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ شام یا رات میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے کہا کہ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان بڑھنے کا امکان ہے، مغرب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 18 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ مون سون ہواؤں کا سلسلہ آج رات سے سندھ پر اثر انداز ہو سکتا ہے، 23 سے 26 جولائی کے دوران سندھ میں موسلا دھار بارشیں ہو سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس سسٹم کا زیادہ تر حصہ زمین پر ہونے کے باعث اس کی شدت زیادہ ہے، خلیجِ بنگال سے نم ہوائیں مون سون سسٹم کو مضبوط کر رہی ہیں۔ چیف میٹرولوجسٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارت کے بعد اس سسٹم کو بحیرۂ عرب سے نمی کی سپورٹ رہے گی۔