کراچی کے علاقے سمن آباد میں تین ماسیوں نے ساتھیوں کی مدد سے گھر سے چھ تولہ سونا، ڈیڑھ لاکھ سے زائد کی رقم چوری کی اور فرار ہوگئیں، متاثرہ شہری تھانے پہنچ گیا۔
متاثرہ شہری انورعباس نے واقعے کا مقدمہ سمن آباد تھانے میں درج کرادیا ہے، اور بیان دیا ہے کہ واردات شازیہ، عائشہ اور زہرہ نامی ماسیوں نے کی۔
شہری نے بتایا کہ ماسیاں حسب معمول 10 بج کر 30 منٹ پر کام کرنے آئیں اور 12 بجے چلی گئیں، رات 8 بجے سامان کی خریداری کے لئے بیٹے نے الماری کھولی، تو الماری کی دراز سے زیورات اور پیسے غائب تھے۔ جب کہ واردات کے بعد ماسیوں کا کچھ معلوم نہیں، نہ وہ کام پر آرہی ہیں۔
انور عباس نے مطالبہ کیا کہ ماسیوں کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے۔ جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔