Close Button
Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

کراچی کے شہریوں کو ہارٹ اٹیک یا حادثات کی صورت میں فوری ہنگامی امداد دینے کیلئے تربیت دیں گے، مرتضٰی وہاب

میئرکراچی مرتضٰی وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی کے شہریوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری امداد دینے کیلئے تربیت دیں گے تاکہ قیمتی جانوں کو بجایا جاسکے۔

میئرکراچی مرتضٰی وہاب کا کہنا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی پاکستان لائف سیور پروگرام کے اشتراک سے دل کے دورے اور حادثات کی صورت میں فوری ہنگامی امداد مہیا کرنے کے لئے کراچی کے شہریوں کو تربیت دے گی۔

میئر کراچی کا کہنا ہے کہ کے ایم سی کے سٹی وارڈن کے محکمے سے تربیت کا آغاز کیا جائے گا اور کراچی کے ہزاروں شہریوں خصوصاً نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی۔ شہریوں کو اس حوالے سے آگاہی فراہم کرکے انتہائی اہم اور نازک لمحات میں گھر کے افراد اور قریب ترین موجود لوگوں کو مریض کو فوری طبی امداد دینے کے قابل بنایا جائے گا۔

میئر کراچی نے کہا کہ کراچی دنیا کے سات بڑے شہروں میں شامل ہے اور دنیا بھر میں اس سطح کے بین الاقوامی شہروں میں شہریوں کی تربیت کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں آگ لگنے، حادثات، ہارٹ اٹیک، فالج، شدید چوٹیں آنے کی صورت میں لوگ فوری طور پر خود ایک دوسرے کی مدد کے قابل ہوتے ہیں اور اسپتال پہنچنے سے قبل بیشتر مریض قدرے بہتر حالت میں آنے کی وجہ سے ان کی جان بچنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے اسپتالوں کو بھی بہتر اور فعال بنایا جا رہا ہے جہاں ہر روز شہریوں کی بڑی تعداد علاج کے لیے آتی ہے تاہم اب شہریوں کو بھی اس حوالے سے تربیت دیں گے اور اپنے شہر کو بہتر بنائیں گے۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts