لاہور سے کراچی منتقل ہونے والے پاکستان کے معروف شوبز اداکار اور گلوکار ہارون شاہد نے کراچی کی موجودہ حالت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس شہر کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق ہارون شاہد نے ایک پروگرام کے دوران کراچی اور لاہور کی زندگی میں فرق پر اظہار خیال کرتے ہوئے کراچی شہریوں کی حالت زار پر افسوس کا اظہار کیا۔
ہارون شاہد کا کہنا تھا کہ مجھے کراچی کا حال دیکھ کر دُکھ ہوتا ہے ، یہ میرے ملک کا حصہ ہے کراچی کے لوگوں کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے یہاں پر سب کچھ ہے یہ ایسا شہر ہے جو ہم سب کو پناہ دیتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میں جب لاہور سے کراچی آرہا تھا تو سوچ رہا تھا کہ میرا کیا بنے گا کام ملے گا یا نہیں لیکن میں دیکھ رہا ہوں کہ اس شہر نے اپنی باہیں کھول رکھی ہیں کہ آجاؤ میں تمہیں کام دوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہر نسل کا آدمی موجود ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہاں پر کچھ بےحد کمال چیزیں ہیں جیسے کراچی کا کھانا پورے پاکستان میں سب سے اچھا کھانا ہے۔ ہارن شاہد کے مطابق یہ غلط فہمی ہے کہ لاہور کا کھانا بہت اچھا ہے انہوں نے کہا کہ لاہوری کھاتے زیادہ ہوں گے مگر کھانا صرف کراچی کا اچھا ہے۔
ہارون شاہد کا کہنا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ سب سے زیادہ محنتی لوگ بھی کراچی میں ہیں لیکن اس کے ساتھ کراچی میں وہ چیزیں بھی نظر آتی ہیں جو پورے پاکستان میں نہیں نظر آتیں۔
اداکار کے مطابق کراچی میں بدمعاشی زیادہ نظر آتی ہے یہ کہتے ہوئے بُرا لگتا ہے مگر تعصب یہاں زیادہ نظر آئے گا لیکن چاہے کچھ بھی ہو آپ کراچی سے محبت کرنے سے خود کو چاہتے ہوئے بھی نہیں روک سکتے یہ ایسا شہر ہے۔