کراچی میں دو روز قبل لاپتہ ہونے والی 13 سالہ لڑکی کو ڈیفنس پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کارروائی کرکے بازیاب کرلیا۔ واقعے میں ملوث ملزم کو بھی گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وجیہہ نامی 13 سالہ لڑکی کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 2 میں واقع ایک گھر میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرتی تھی، جو دو روز قبل گھر سے کام پر جانے کے لیے نکلی لیکن کام پر نہ پہنچی۔
لڑکی کی والدہ نے 15 پر پولیس کو لڑکی کی گمشدگی کی اطلاع دی، جس پر پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے گمشدہ لڑکی کی تلاش شروع کر دی۔
پولیس حکام کے مطابق سی سی ٹی فوٹیجز اور ٹیکنیکل ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے لڑکی وجیہہ کو بازیاب کر کے اغوا میں ملوث ملزم شایان ولد اعجاز گرفتار کرلیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ لڑکی وجیہہ کو اس کے والدین کے حوالے کردیا گیا ہے، جب کہ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے کیس کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔