پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی ان دنوں سخت گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ مشرقی بھارت پر موجود ہوا کے کم دباؤ کے باعث کراچی میں شدید گرمی محسوس کی جارہی ہے۔ لیکن محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو راحت کی خبرسنادی ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شہر میں آئندہ 2 دن موسم بدستور گرم اور مرطوب رہے گا لیکن منگل 13 ستمبر کی شام یا رات سے شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں اس دوران تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ آندھی بھی آسکتی ہے۔ تاہم شہر قائد پر اثر انداز ہونے والا بارش کا یہ سلسلہ زیادہ طویل نہیں ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی گجرات پر موجود ہوا کا کم دباؤ کمزور ہوگیا ہے لیکن ایک اور ہوا کا شدید کم دباؤ اس وقت مشرقی بھارت پر موجود ہے۔
مشرقی بھارت پر موجود ہوا کے کم دباؤ کے زیر اثر تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین اور میرپورخاص میں بارش کا امکان ہے جب کہ ٹنڈومحمد خان، سجاول اور ٹھٹھہ میں بھی اندھی اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔