سندھ حکومت کے تحت کراچی میں چلائی جانے والی مسافر بسوں کے ایک اور نئے روٹ کا اضافہ ہوگیا۔ بحریہ ٹاؤن سے ملیر تک الیکٹرک بس کا آغاز کردیا گیا۔
بحریہ ٹاؤن میں پیپلز الیکٹرک بس کے روٹ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سیکریٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ عبدالحلیم شیخ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ نے بحریہ ٹاؤن سے ملیر تک پیپلز الیکٹرک بس سروس کے روٹ کا افتتاح کیا۔ پیپلز الیکٹرک بس کا نیا روٹ بحریہ ٹاؤن سے ملیر ہالٹ تک مقرر کیا گیا ہے اور یہ الیکٹرک بس کا روٹ نمبر 2 ہے۔
بسیں بحریہ ٹاؤن سے براستہ ٹول پلازہ، بقائی یونیورسٹی، جناح ایونیو، ملیرکینٹ لنک روڈ، چیک پوسٹ نمبر 5،6 ٹینک چوک، ملیر ماڈل کالونی سے ملیر ہالٹ تک چلائی جائیں گی۔ بحریہ ٹاؤن سے ملیر ہالٹ تک کرایہ 100 روپے ہوگا۔
ابتدائی طور پر اس روٹ پر 13 بسیں چلائی جارہی ہیں تاہم سیکرٹری ٹرانسپورٹ سندھ کا کہنا ہے کہ وفاق سے مزید 300 بسیں دینے کا مطالبہ کردیا ہے، جون تک بسوں کی تعداد 350 ہوجائیگی۔
عبد الحلیم شیخ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کراچی کو کُل 10 ہزار بسوں کی ضرورت ہے، روٹس بہتر بنانے کے لئے وزیر اعلیٰ نے خصوصی گرانٹ منظور کی ہے۔