کراچی میں آج بجلی کے اضافی بلوں کے خلاف تاجر سراپا احتجاج کریں گے، ایم اے جناح روڈ اور لائٹ ہاؤس مارکیٹ کی دکانیں بند رہیں گی۔
تاجروں کی بڑی تعداد صبح سویرے لائٹ ہاوس مارکیٹ پر پہنچ گئی۔ تاجروں نے کے الیکٹرک اور مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کی۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ شہر کے بازار اور کاروباری مراکز آج بند رہیں گے۔
گل پلازہ ، میڈیسن مارکیٹ ، جامع کلاتھ کے بازار، موبائل مارکیٹ ، ایمپریس مارکیٹ ، صدر کے بازار، طارق روڈ ، بہادرآباد ، کریم آباد، واٹر پمپ کے بازار بند ہیں۔ بولٹن مارکیٹ ، کھارادر، ٹاور، عید گاہ ، اردو بازار، جوڑیا بازار ، موتن داس مارکیٹ ، برنس روڈ ، اکبر روڈ کے بازار بند ہیں۔
اس حوالے سے آل کراچی تاجرالائنس کے چیئرمین حکیم شاہ نے بتایا کہ آج تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے، کراچی بجلی کے بِلز اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ فوری واپس لیا جائے۔
حکیم شاہ نے مزید کہا کہ مہنگائی نے ہماری کمر توڑ دی ہے، مطالبات نہ ماننے کی صورت میں تاجروں کی روزگار بچاؤ تحریک کو مزید تیز کریں گے۔
گزشتہ روز کراچی چیمبر آف کامرس نے مکمل ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کل کراچی بند رہے گا، کراچی چیمبر تاجروں کی ہڑتال کے ساتھ ہے، جمعے کو مکمل ہڑتال ہوگی۔
زبیر موتی والا نے چیمبر آف کامرس میں تاجروں کے اجلاس کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ بجلی کا ٹیرف ہمیں قابل قبول نہیں ہے، چھوٹی صنعتیں ہوں یا بڑی اتنی مہنگی بجلی پر کاروبار ناممکن ہے۔