Close Button
Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

کراچی میں آج دن بھر بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، عید پر بھی بادل برسنے کا امکان

 

کراچی میں مون سون کے دوسرے اسپیل کے زیراثر مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج دن بھر بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے عید کے دنوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

کراچی میں  مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور  آج بھی شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے باعث شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا ہے تاہم مسلسل بارش کے باعث شہر میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مشرق کی جانب سے مون سون سسٹم کراچی کی جانب بڑھ رہا ہے، آئندہ دو گھنٹے کے دوران بارش کا سلسلہ پورے شہر میں پھیل سکتا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج تیز بارش کاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہےگا، دن کے اوقات میں تیز بارش کے امکانات زیادہ ہیں جبکہ شہر میں رات تک بارش جاری رہ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کے آخر میں مون سون ہواؤں کے سلسلے میں مزید شدت آنے کا امکان ہے، ہوا کا کم دباؤ سندھ کے جنوب میں موجود ہے، ہوا کے کم دباؤ کو شمالی بحیرہ عرب سے نمی مل رہی ہے، اس کے علاوہ بھارتی ریاست مہاراشٹرا سے بھی ہوا کے کم دباؤ کو مدد بھی مل رہی ہے۔

حکام محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت ٹھٹھہ، بدین، عمر کوٹ، میرپور خاص، حیدرآباد اور تھرپارکر میں آج صبح موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ کراچی سمیت سندھ میں 7 جولائی تک آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 40 سے 50 ملی میٹر بارش ہونے کا امکان ہے ، محکمہ موسمیات نے عید کے دنوں میں بھی کراچی میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

 

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts