مون سون کے چوتھے اسپیل کے زیر اثر شہر قائد میں گزشتہ 2 دنوں سے وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر قائد میں آج بھی تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والے بادل کراچی کے شمال مشرقی حصّے میں ہیں، جن شدت میں اضافہ ہورہا ہے اور اسکے زیر اثر کراچی کے مختلف حصوں میں آج بھی تیز بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آج آندھی کا بھی امکان ہے اور گردوغبار والی تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں سے سے احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ کراچی میں مون سون کے اس سسٹم کے تحت بارش کا سلسلہ 14 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ موسلادھار بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا بھی خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 14 اگست کو موجودہ سسٹم ختم ہوجائے گا لیکن اسکے بعد 17 یا 18 اگست سے مون سون کا ایک اور سسٹم متاثر کرسکتا ہے جسکے نتیجے میں بھی کراچی میں کہیں معتدل اور کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے۔
واضح رہے گزشتہ ماہ جولائی میں معمول سے زیادہ بارشیں ہوئی اور شہر میں ماہ جولائی کی بارشوں کا 61 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگست میں بھی معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔