پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (کل) بروز اتوار سے گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں شروع ہو گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بجے شروع ہوگا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور سری لنکا کے کپتان دیموتھ کرونارتنے نے ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی ہے۔ دونوں کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر جیت کا عزم ظاہر کیا۔
پاکستانی ٹیم مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ سری لنکا کو دیمتھ کرونا رتنے لیڈ کریں گے۔ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔
کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابراعظم کا کہنا ہے کہ سری لنکا کیخلاف سیریز کیلئے بھرپور تیاری کی ہے، پہلے لاہور، پھر کراچی اور اب گال میں پریکٹس کی۔ پریکٹس میچ میں کھلاڑیوں نے اچھا پرفارم کیا۔
بابراعظم نے کہا کہ شاہین آفریدی کا سیریز میں کم بیک ہوا، شاہین نے پریکٹس میچ میں اچھی بولنگ کی، شاہین کے آنے سے فاسٹ بولر کی کمی پوری ہوگئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں بطور کپتان ٹیم کی تیاری سے مطمئن ہوں۔
اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کرکٹ پریذیڈنٹ الیون کے خلاف دو روزہ وارم اپ میچ کھیلا جو ڈرا ہو گیا تھا ، دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 24 سے 28 جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔