Close Button
Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

پاکستان کی پہلے ٹیسٹ میں 4 وکٹوں سے فتح، گال میں سب سے بڑے ہدف کا ریکارڈ بنادیا

دورہ سری لنکا پر پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ شاہینوں نے گال کے مقام پر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑے ہدف کا ریکارڈ بھی بنادیا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ اتار چڑھاؤ کا شکار رہا۔ میچ میں کبھی پاکستان حاوی ہوا تھا کبھی سری لنکا کا پلڑا بھاری ہوا لیکن آخر میں بابرالیون نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے میچ اپنے نام کرلیا۔

گال ٹیسٹ میں سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 222 رنز پر ڈھیر ہوئی۔ پہلی اننگز میں پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تباہی مچائی۔ انہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ حسن علی اور یاسر شاہ نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، نسیم شاہ اور محمدنواز کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

سری لنکا کی جانب سے پہلی اننگز میں دنیش چندیمل 76 رنز بناکر نمایاں رہے۔ مہیش تھکشانا نے 38 اور اوشادا فرنینڈو نے 35 رنز بنائے۔

جواب میں پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن پہلی اننگز میں لڑکھڑاگئی لیکن کپتان بابراعظم کی شاندار سینچری نے پاکستان کو مکمل تباہی سے بچالیا۔ بابراعظم نے آخری وکٹ پر نسیم شاہ کے ساتھ 70 رنز کی شراکت قائم کی۔ بابراعظم نے 119 رنز کی اننگز کھیلی۔

سری لنکا نے دوسری اننگز میں پراعتماد بیٹنگ کی اور 337 رنز اسکور کئے۔ دنیش چندیمل نے دوسری اننگز میں بھی بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 94 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے محمدنواز نے 5 اور یاسرشاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کو جیت کیلئے 342 رنز کا ہدف ملا۔ جسکے تعاقب میں قومی بیٹرز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ امام الحق نے 35 اور کپتان بابراعظم نے 55 رنز کی اننگز کھیلیں۔ محمدرضوان نے بھی 40 رنز بناکر حصہ ڈالا۔

دوسری اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن کے ہیرو اننگز کا آغاز کرنے والے عبداللہ شفیق تھے جنہوں نے نہ صرف کیرئیر کی دوسری سینچری بنائی بلکہ آخری تک ڈٹے رہے اور پاکستان کو جیت سے ہمکنار کرکے واپس لوٹے۔ عبداللہ شفیق نے 160 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پاکستان نے اس کامیابی کے ساتھ نیا ریکارڈ بھی بنادیا۔ پاکستانی ٹیم گال کے کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ فارمیٹ میں سب سے بڑے ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم بن گئی۔ پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 2 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری بھی حاصل کرلی۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts