الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پاکستان میں صدارتی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ جمعہ کو جاری شیڈول کے مطابق 2مارچ دوپہر 12 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع ہونگے۔ 4 مارچ کو صبح 10 بجے تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی۔
شیڈول کے مطابق 5 مارچ کو دوپہر 12 بجے تک امیدوار دستبردار ہوسکیں گے اور رات 10 بجے تک امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی، جبکہ 6 مارچ تک امیدوار ریٹائرمنٹ کا اعلان کرسکتاہے۔
صدارتی انتخاب کے شیڈول کے مطابق 9 مارچ کو صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک بغیر کسی وقفے کے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد، پنجاب اسمبلی بلڈنگ، سندھ اسمبلی بلڈنگ، خیبرپختونخوا اسمبلی بلڈنگ اور بلوچستان اسمبلی بلڈنگ میں پولنگ ہوگی۔ جہاں ارکان اسمبلی حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی، سینیٹ ممبران اور بلوچستان اسمبلی کے ممبران کا ایک ایک صدارتی ووٹ ہے، جبکہ پنجاب اسمبلی، سندھ اسمبلی اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے ممبران 65 ، 65 صدارتی ووٹ شمار ہوتے ہیں۔