وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جان کو خطرہ ہے۔ سیکیورٹی ایجنسیوں نے وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی رپورٹ دی ہے جسکے بعد سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملےکا منصوبہ سامنے آیا ہے۔ ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سیکیورٹی ایجنسیوں کی رپورٹ میں سامنے آیا ہے۔
ٹوئیٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان رپورٹس کے بعد حکومتی فیصلے کے مطابق وزیر اعظم کی سیکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واڈا نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ملک بیچنے سے انکار پر انہیں قتل کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔
سابق وفاقی وزیر فیصل واڈا نے یہ دعویٰ نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں اس خط سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کیا تھا۔
وفاقی وزرا اسد عمر اور فواد چوہدری نے ایک پریس کانفرنس کے دوران دھمکی آمیز مراسلے کے بارے میں کہا تھا کہ اس میں متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر عمران خان وزیر اعظم رہے تو خوف ناک نتائج ہوں گے۔