عید کے موقع پر سمندر میں تیراکی کا جنون مذید جانیں لے گیا۔ کراچی میں منوڑہ کے سمندر میں نہانے والے چار نوجوان ڈوب گئے۔ دو کی لاشیں نکال لی گئیں۔
کراچی میں گزشتہ روز عید کی چھٹیوں کے آخری دن بھی نوجوانوں کی بڑی تعداد دیگر ساحلی پٹی کی طرح منوڑہ کے ساحل پر بھی موجود تھی۔ سمندر میں نہاتے ہوئے 4 افراد لاپتہ ہوگئے۔
ریسکیو ٹیموں نے نوجوانوں کی تلاش کیلئے آپریشن شروع کیا۔ جس میں دو افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں اور دو افراد کی تلاش کیلئے اب بھی آپریشن جاری ہے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری کردہ اطلاعات کے مطابق صبح سے اب تک 2 نوجوانوں کی لاشیں ملی ہیں جنکی شناخت 15 سالہ انس والد محمدصدیق اور 16 سالہ حسن ولد عبدالرحمان کے نام سے ہوئی ہے۔
نوجوانوں کی لاشوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ایدھی بحری خدمات کی ٹیم دیگر دو نوجوانوں کی تلاش میں بھی مصروف ہے۔