امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عوامی حمایت کے ذریعے حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لینے پر مجبور کرے گی۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (ٹوئیٹر) پر ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں، حکومت نے آئی ایم ایف کے کہنے پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ کر کے عوام کا جینا مزید مشکل بنادیا۔
سراج الحق کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی تحریک چلا رہی ہے۔
اب خاموش رہنا موت ہے
پیٹرول کی قیمت میں مزید اضافے کی شدید مذمت کرتے ہیں، آئی ایم ایف کے کہنے پر یہ اقدام کرکے حکومت نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ جماعت اسلامی بجلی، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کے خلاف احتجاجی تحریک چلا رہی ہے، چاروں گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے کا… pic.twitter.com/DJrDHZW02p— Siraj ul Haq (@SirajOfficial) September 15, 2023
انہوں نے کہا ہے کہ چاروں صوبوں میں گورنر ہاؤسز کے باہر عوامی دھرنے دیں گے، لوگ موت کا انتظار کرنے کے بجائے گھروں سے نکلیں اور جماعت اسلامی کی تحریک کا حصہ بنیں۔
امیرجماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ عوام اگر جماعت اسلامی کا ساتھ دے تو عوامی حمایت سے حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات میں کیا گیا اضافہ واپس لینے پر مجبور کرسکتے ہیں۔