پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طبعیت ناساز ہونے کے باعث شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹرز کی ٹیم نے سابق وزیراعظم کو مکمل آرام کا مشورہ دے دیا۔
ڈٓاکٹرز کے مطابق عدالت پیشیوں میں دھکم پیل سے عمران خان کی ٹانگ میں سوجن ہوئی، عمران خان ٹانگ پر وزن احتیاط سے رکھیں، ابھی انہیں ٹانگ سے متعلق احتیاط کرنا ہوگی۔
ڈاکٹرز نے مشورہ دیا کہ عمران خان چلنا پھرنا کم رکھیں تو بہتر ہوگا، چیئرمین پی ٹی آئی کی ٹانگ کا معائنہ میڈیکل ٹیم جلد ایک بار پھر کرے گی۔
عمران خان گزشتہ رات ٹانگ میں تکلیف کے باعث شوکت خانم اسپتال گئے تھے۔ شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹرز نے عمران خان کی ٹانگ کا معائنہ کیا تھا، اسپتال میں چیک اپ کے بعد عمران خان واپس اپنی رہائش گاہ آگئے تھے۔
واضح رہے گزشتہ برس لانگ مارچ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر حملہ ہوا تھا اور انکی ٹانگ میں گولی لگی تھی جسکے باعث کافی عرصے تک عمران خان لاہور میں اپنے گھر زمان پارک تک محدود رہے اور انکی ٹانگ میں پلستر بھی چڑھا رہا تھا۔