چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور جنرل سیکرٹری اسد عمر سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف اسلام آباد میں 16 مقدمات درج کر لیے گئے۔
وفاقی دارالحکومت کے تھانہ کراچی کمپنی میں درج مقدمے میں شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری، زرتاج گل، علی امین گنڈا پور اور خرم نواز کے نام بھی شامل ہیں۔
مقدمات اسلام آباد کے تھانہ کراچی کمپنی ،آبپارہ تھانہ ،ترنول، کوہسار، بھارہ کہو، تھانا رمنا، سیکرٹریٹ ، لوہی بھیر میں درج کئے گئے جبکہ متعدد تھانوں میں 2 مقدمات بھی درج ہوئے ہیں۔
مقدمےمیں راستوں کی بندش، کارسررکار مداخلت ،پولیس اہلکاروں پرحملہ ،املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں جبکہ 200 نامعلوم تحریک انصاف کے کارکنان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
واضح رہے 25 مئی کو پی ٹی آئی کے اسلام آباد لانگ مارچ کے دوران شہراقتدار میں جلاؤ گھیراؤ کیا گیا ، پولیس کے ساتھ تصادم ، پتھراؤ اور ہنگامہ آرائی بھی ہوئی۔ پولیس کی جانب سے بھی شدید شیلنگ کی گئی۔
عمران خان نے ڈی چوک سے پہلے جناح ایونیو پر کارکنان سے خطاب میں حکومت کو 6 دن میں اسمبلیاں تحلیل کرنے اور عام انتخابات کا اعلان کرنے کا الٹی میٹم دیا اور مطالبات پورے نہ ہونے پر دوبارہ اسلام آباد آنے کا اعلان کیا تھا۔