پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر عدالت نے فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے عمران اسماعیل کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا، تفتیشی افسر نے دوران سماعت استدعا کی کہ ہنگامہ آرائی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے کیس میں عمران اسماعیل سے تفتیش کرنی ہے جسکے لئے انہیں جسمانی ریمانڈ پر دیا جائے۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کو 2 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالت نے عمران اسماعیل کو پیر کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کراچی میں عمران اسماعیل کو بکتر بند گاڑی میں انسدادِ دہشت گردی عدالت پہنچایا گیا تھا۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ عمران اسماعیل کو تفتیش مکمل کرنے کے بعد آج شکارپور روانہ کیا جائے گا۔
تفتیشی حکام کے مطابق عمران اسماعیل کے خلاف کراچی کے ٹیپو سلطان تھانے میں مقدمہ درج ہے۔ ان کی گرفتاری انسدادِ دہشت گردی مقدمات میں کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ عمران اسماعیل کو گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 سے گرفتار کیا گیا تھا۔