سندھ حکومت کے تحت کراچی میں شروع کی جانے والی نئی پیپلز بس سروس آج دوبارہ بحال کردی گئی۔ شہر کی سڑکوں پر چمچماتی لال بسیں رواں دواں ہیں لیکن متوقع بارش کے باعث بسوں کی تعداد کم ہے۔
گزشتہ روز کراچی میں بارش اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث پیپلز بس سروس عارضی طور پر معطل کی گئی تھی لیکن آج سڑکوں سے پانی کی نکاسی ہونے کے بعد آپریشن دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق کراچی میں موسم اور متوقع بارش کے باعث بسوں کی محدود تعداد سڑکوں پر نکالی گئی ہے۔ ملیر سے ٹاور تک پیپلز بس کے روٹ ون پر 15 بسیں چلائی جارہی ہیں جبکہ نئی کراچی سے کورنگی تک روٹ ٹو پر صرف 5 بسیں چل رہی ہیں۔
#PeoplesBusService Update
Dear Citizens, keeping in view the Weather & Road Conditions, currently we are operating with 15 buses on Route 1 & 5 Buses on Route 2. The fleet will be increased as the conditions improve. Thank you@sindhinfodepart @SindhGovt1 @pbsbrtsindh @AltafSario— SINDH MASS TRANSIT AUTHORITY (@SMTA_GoS) July 7, 2022
پیپلز بس انتظامیہ کے مطابق موسم بہتر ہوتے ہی بسوں کی تعداد بڑھادی جائے گی اور بس سروس کے تمام آپریشن مکمل طور پر فعال ہوجائیں گے۔
واضح رہے کہ کراچی میں کئی سالوں بعد سندھ حکومت کی جانب سے شہریوں کے لیے ایک بہترین بس سروس کا آغاز کیا گیا ہے۔ پیپلز بس سروس کے نام سے کراچی کی سڑکوں پر 7 مختلف روٹس پر چین سے درآمد شدہ تقریباً 240 بہترین ایئر کنڈیشنڈ بسیں چلائی جائیں گی۔
بہترین سفری سہولت کے باوجود ان بسوں کا کرایہ تقریباً عام پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے جتنا ہی رکھا گیا ہے۔ بس کے کرائے کے حوالے سے صوبائی وزیر شرجیل میمن نے بتایا کہ فی الحال پیپلز بسوں کا کرایہ 25 سے 50 روپے تک ہوگا اور ابھی یہ ماڈل کالونی سے ٹاور تک چلے گی۔