ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی گئی ، میئر کراچی بیریسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی ابراہیم حیدری ٹاؤن کی یوسی 8 سے بلامقابلہ کامیاب جبکہ صدر ٹاؤن کی یوسی 13 سے امیدوار ہیں۔
کراچی میں 4 یوسی چیئرمین اور 2 وائس چیئرمین کی نشستوں کے لیے مئیر کراچی اور ڈپٹی میئر کراچی سمیت مختلف جماعتوں اور آزاد 20 سے امیدوار میدان میں ہیں۔
ریٹرننگ آفیسر کے جاری فارم 7 اور 8 کےمطابق ضلع ملیر کے ابراہیم حیدری ٹاؤن کی یوسی 8 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار اور میئر کراچی بیریسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں۔
ضلع کیماڑی کے ماڑی پور ٹاؤن کی یوسی 3 سے پیپلز پارٹی کے بیریسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی نے کاغذات واپس لئے اور پیپلزپارٹی نے سابق مستعفی چئیرمین سیف اللہ کو ٹکٹ جاری کیا اب اس یوسی میں پیپلزپارٹی کے سیف اللہ، پی ٹی آئی کے محمد زاہد، مسلم لیگ (ن) کے محمد شاہد اقبال، جماعت اسلامی کے محمد حسین اور آزاد امیدوار عامر شیخ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
ضلع جنوبی کے صدر ٹاؤن کی یوسی 13 سے پیپلز پارٹی کے بیریسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی ، جمعیت علماء اسلام کے سعید عبید اللہ شاہ ، جماعت اسلامی کے نورالسلام، ٹی ایل پی کے سکندر آگر، نوید احمد اور آزاد امیدوار محمد نسیم الدین کے مابین مقابلہ ہوگا۔
ضلع جنوبی کے صدر ٹاؤن کی یوسی 12 میں وائس چیئرمین کےلیے پیپلز پارٹی کے حامد حسین، پی ٹی آئی کے محمد طاہر، مسلم لیگ (ن) کے گل ویزخان، جماعت اسلامی کے امتیاز خان، جمعیت علماء اسلام کے سید عبیداللہ شاہ، تحریک لبیک کے محمد عاطف قادری آزاد امیدوار شعیب علی شاہ میدان میں ہیں۔
ضلع ملیر گڈاپ ٹاؤن یوسی 7 کے چیئرمین کے لیے پیپلز پارٹی کے سلمان عبداللہ مراد سمیت 6 امیدوار مد مقابل ہیں۔ انتخابی شیڈول کے مطابق 5 نومبر کو پولنگ ہوگی اور 8 نومبر کو نتائج جاری ہونگے۔