پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر محنت سندھ سعید غنی ایک بار پھر کورونا وائرس کا شکار ہوگئے جسکے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں سعید غنی نے بتایا کہ میری طبیعت گزشتہ کچھ روز سے ٹھیک نہیں تھی، 4 روز قبل ٹیسٹ کروانے پر معلوم ہوا کہ میں دوسری مرتبہ کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکا ہوں۔
میری طبعیت گذشتہ کچھ روز سے ٹھیک نہیں تھی چار روز قبل ٹیسٹ کروانے پر معلوم ہوا کہ میں دوسری مرتبہ کرونا میں مبتلا ہوچکا ہوں۔ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق میں نے خود کو isolate کیا ہوا ہے۔ معمولی علامات کے علاوہ میری طبیعت بہتر ہے۔
— Senator Saeed Ghani (@SaeedGhani1) July 11, 2022
سعید غنی نے مزید بتایا کہ ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق میں نے خود کو لوگوں سے دور الگ تھلگ رکھا ہوا ہے اور آئسولیشن اختیار کر رکھی ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ کورونا وائرس کی معمولی علامات کے علاوہ انکی طبیعت بہتر ہے۔ واضح رہے سعید غنی اس سے قبل بھی کورونا میں مبتلا ہوچکے ہیں۔
مارچ 2020 میں سعیدغنی کورونا کا شکار ہوئے تھے اس وقت بھی سعید غنی نے ٹوئیٹرپیغام کے ذریعے عالمی وبا میں مبتلا ہونے کا بتایا تھا۔
گذشتہ روز میں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا جسکی رپورٹ مثبت آئی ہے تاحال جو Symptoms اس وائرس کے بتائے جاتے ہیں ان میں سے مجھے کچھ محسوس نہیں ہورہا اور میں خود کو بالکل صحتمند محسوس کررہا ہوں اور اپنی ذمہ داریاں گھر پر isolation میں رہ کر ادا کررہا ہوں۔ شہری بھی گھروں پر رہیں pic.twitter.com/2vzS7qt0SY
— Senator Saeed Ghani (@SaeedGhani1) March 23, 2020
واضح رہے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضٰی وہاب میں بھی کورونا کی علامات ظاہر ہوئی ہیں جسکے بعد انہوں نے بھی خود کو قرنطینہ کیا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں عیدالاضحیٰ کی تقریبات اور مون سون کی بارشوں کے درمیان کووِڈ 19 کے کیسز دوبارہ بڑھ رہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 255 افراد مہلک وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ مزید ایک شخص انتقال کر گیا۔
ملک بھر میں سامنے آنے والے 255 میں سے 161 افراد کا تعلق کراچی سے ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 39.46 فیصد ہوگئی ہے۔