لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر لندن میں انتقال کر گئیں ۔
بیگم شمیم اختر کی وفات کی اطلاع لیگی رہنما عطا تارڑ نے ٹویٹ کے ذریعے دی، مریم نواز کو پشاور جلسے میں ان کی دادی کے انتقال سے آگاہ کیا گیا
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ان کی شہباز شریف کے لندن میں موجود دوسرے بیٹے سلمان شہباز سے بات ہوئی جنہوں نے اپنی دادی کی وفات کی تصدیق کی۔
عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ مرحومہ کی میت پاکستان لائی جائے گی۔ جیل میں قید شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کو انتقال سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے، ان کی پیرول پر رہائی کیلئے درخواستیں بھی تیار کر لی گئی ہیں.
دوسری جانب پنجاب حکومت نے والدہ کے انتقال پر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان بیٹے حمزہ شہباز کو پیرول پر رہا کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
صوبہ پنجاب کے وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز کوپیرول پر رہا کیا جائے گا، پیرول پر رہائی قانونی و اخلاقی حق ہے۔
وزیراعظم عمران خان، چیف آف آرمی اسٹاف قمر جاوید باجوہ، سابق صدر آصف علی زرداری ،چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری، چوہدری شجاعت حسین، چوہدری مونس الٰہی، شیخ رشید، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ، مولانا فضل الرحمان کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی اور مصطفیٰ کمال سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا گیا ہے۔