پاکستان بھر میں عیدالاضحٰی پر کی جانے والی قربانی کے اعداد وشمار سامنے آگئے۔ ملک بھر میں عیدالاضحٰی پر 63 لاکھ سے زائد جانوروں کی قربانی کی گئی۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ٹینریز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اس سال بھی عیدقربان پر لاکھوں مسلمانوں نے سنت ابراہیمی پر عمل کیا اور مجموعی طور پر ملک بھر میں 63 لاکھ 60 ہزار جانور اللہ کی راہ میں قربان کئے گئے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں کی جانے والی قربانی میں 20 لاکھ بچھڑے، 35 لاکھ بکرے، 8 لاکھ چھترے اور 60 ہزار اونٹ شامل ہیں۔
پاکستان ٹینریز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گزستہ برسوں سے اس سال ہونے والی قربانی کا موازنہ کیا جائے تو اس سال قربانی کی شرح میں 28 سے 30 فیصد تک کمی آئی ہے۔
پاکستان ٹینریز ایسوسی ایشن نے گرمی اور لوڈشیڈنگ کے باعث 35 فیصد کھالیں خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ پاکستان ٹینریز ایسوسی ایشن کے مطابق عید پر قربان کیے گئے جانوروں کی مالیت 376 ارب روپے ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں عید کے تینوں روز صبح سے ہی سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی جاتی ہے۔