Close Button
Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

دورہ سری لنکا، شاہین شاہ کی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی، میرحمزہ ڈراپ، سرفرازاحمد کی جگہ برقرار

دورہ سری لنکا پر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلئے پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ کی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ وکٹ کیپر بیٹر سرفرازاحمد بھی اسکواڈ میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔

قومی سلیکشن کمیٹی نے اعلان کردہ 16 رکنی ٹیم میں  محمد حریرہ اور عامر جمال کو  پہلی بار شامل کیا ہے۔  پی سی بی کے مطابق ٹیم کا انتخاب سری لنکا کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جس میں 4 اسپنرز ،4 فاسٹ باؤلرز، 6 بلے باز اور 2 وکٹ کیپرز شامل ہیں۔

پاکستانی اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان اور وکٹ کیپر)، عامر جمال، عبداللّٰہ شفیق، ابرار احمد، حسن علی، امام الحق شامل ہیں۔ محمد حریرہ، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین آفریدی اور شان مسعود بھی بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

فاسٹ باؤلر شاہنواز داہانی، میر حمزہ، بلے باز کامران غلام، آل راؤنڈر محمدوسیم جونیئر، اسپنر زاہد محمود اور ساجد خان کو اسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا۔ 

وکٹ کیپر بیٹر سرفرازاحمد اسکواڈ میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ سرفرازاحمد کا نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی گئی آخری ٹیسٹ سیریز میں کم بیک ہوا تھا جس میں عمدہ کارکردگی پر سرفرازاحمد کو پلیئر آف دا سیریز بھی قرار دیا گیا تھا۔

چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا ہے کہ تمام منتخب کردہ کھلاڑیوں خاص کر محمد حریرہ اور عامر جمال کو مبارک باد دیتا ہوں جو اپنی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ سری لنکا کی کنڈیشنز اور چیلنجز کو دیکھتے ہوئے ٹیم سلیکشن کی گئی ہے، یہ تیسری آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ہماری پہلی سیریز ہے اور یہ اسکواڈ ہمیں اچھا آغاز فراہم کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts