Close Button
Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

دنیا کے 50 ممالک کے سفر پر نکلے پرتگالی سیاح بلوچستان میں کار حادثے میں جاں بحق

بلوچستان کے ضلع چاغی کی تحصیل دالبندین میں پرتگال سے تعلق رکھنے والے سیاح ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق حادثہ اسمگلنگ کرنے والی گاڑی کی ٹکر لگنے کے باعث پیش آیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دالبندین کے قریب واقع آر سی ڈی ہائی وے پر پیش آیا۔ جاں بحق سیاح کی شناخت 28 سالہ نیونو میگول کے نام سے ہوئی جو بدھ کے روز اپنی موٹرسائیکل پر براستہ ایران پاکستان میں داخل ہوئے تھے اور اگلے دو سال میں 50 ممالک کے سفر پر نکلے تھے۔

چاغی کے ڈپٹی کمشنر حسن جان بلوچ کے مطابق وہ موٹر سائیکل سوار دو جرمن سیاحوں ٹونی پنکراز لنڈر اور نکلس لینگ کے ہمراہ کوئٹہ کی جانب جارہے تھے۔

موٹرسائیکل سوار سیاحوں کے ساتھ لیویز اہلکار بھی تھے کہ راستے میں پرتگالی سیاح کی موٹرسائیکل کا ٹرک کے ساتھ تصادم ہوگیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔ لیویز حکام کے مطابق پک اپ کے ڈرائیور اور اس کے مددگار کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

سفری دستاویزات کے مطابق پرتگال کا شہری سیاحتی ویزے پر دورہ پاکستان پر تھا، اسلام آباد میں دفترِ خارجہ کو حادثے کی اطلاع دی گئی اور سیاح کی لاش کو اسلام آباد منتقل کرنے اور پرتگال کے سفارت خانے کے حوالے کرنے کے لیے کوئٹہ روانہ کردیا گیا۔

سیاح کی اپنی ویب سائٹ کے مطابق وہ اگلے 2 سالوں میں اپنی موٹرسائیکل پر دنیا کے 50 سے زائد ممالک کا سفر کرنے کے مشن پر تھے۔

 

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts