وفاقی وزیردفاع اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما خواجہ آصف نے توانائی بحران اور لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کیلئے مارکیٹوں کو صرف دن کے اوقات میں کھولنے کی تجویز دی ہے۔
خواجہ آصف نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ہماری مارکیٹیں دوپہر 1 بجے کھلتی ہیں اور رات 1 بجے بند ہوتی ہیں، دنیا میں یہ کہیں نہیں ہوتا۔
خواجہ آصف نے اپنے پیغام میں لکھا کہ اللہ نے ہمارے وطن کو 365 دن سورج کی روشنی بخشی ہے، ہم اندھیرے میں لائٹ جلا کر کاروبار کرتے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر مارکیٹیں اپنے اوقات درست کرلیں تو کراچی کے بغیر ہی 3 ہزار 500 میگاواٹ بجلی بچتی ہے، مشکل حالات ہیں مشکل فیصلوں کی ضرورت ہے۔
وزیر دفاع کی طرف سے یہ تجویز ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک میں جاری شدید بحران کے دوران بجلی بچانے کے لیے پالیسی سازوں کی طرف سے حل تلاش کیے جارہے ہیں۔
وفاقی وزیر کی جانب سے یہ تجویز وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے ہنگامی منصوبے کے لیے پانچ گھنٹے کے طویل اجلاس کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے، گزشتہ روز اجلاس میں شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی تھی کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لیے 24 گھنٹوں میں کوئی منصوبہ تیار کریں۔