کراچی اور بلوچستان کے بارڈر پر واقع حب چیک پوسٹ پر رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان سے 3 کروڑ روپے سے زائد کی منشیات برآمد ہوئی۔
پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کراچی بلوچستان بارڈر پر واقع حب چیک پوسٹ پر مشترکہ کارروائی کی۔ دوران چیکنگ 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار شدہ ملزمان کی شناخت محمد تنویر اور جاوید کے نام سے ہوئی۔ ملزمان کے قبضے سے 3 کلو آئس اور 3 کلو چرس بھی برآمد کرلی گئی جو کہ بس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی۔ برآمد شدہ منشیات کی مالیت 3 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان کا تعلق منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ایک بین الصوبائی گروہ سے ہے جو منشیات پنجگور بلوچستان سے کراچی اسمگل کرتے تھے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
گرفتارملزمان کو بمعہ منشیات مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔