بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا آج 75 واں یوم وفات منایا جارہا ہے۔ نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے مزار قائد پر حاضری دی۔ نگراں وزیراعظم اور صدر مملکت نے بھی قائد اعظم کے یوم وفات پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒکو ان کے یوم وفات پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانے کیلئے تمام تر توجہ تعلیم کی فراہمی اور غربت کے خاتمے پر مرکوز کرنا ہوگی۔
صدر مملکت نے پیر کو بابائے قوم قائد اعظمؒ کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن پاکستان کو قائدِ اعظم کے وژن کے مطابق ایک جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظمؒ نے امن، مساوات ، قانون کی بالادستی ، معاشی اور سماجی انصاف اور اقلیتوں کے حقوق کی وکالت کی، آج کے دن پوری پاکستانی قوم برصغیر پاک وہند کے عظیم رہنما قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
محمد علی جناح کے یوم وفات پر نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 75واں یوم وفات ہے، پوری قوم آج کے روز قائد اعظم کی برصغیر کے مسلمانوں کے حقوق کے لیے انتھک جدوجہد، دوراندیشی اور قائدانہ صلاحیتوں پرانہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی قیادت کے بغیر مسلمانوں کیلئے آزاد ریاست کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہ ہوتا۔قائد اعظم کی جدوجہد ناصرف ایک اکثریت کی اقلیتوں کے حقوق کو عددی برتری کی بنا پر سلب کرنے کے نظریے کے خلاف تھی بلکہ مسلمانوں کی ایک علیحدہ قوم کے طور پر معاشی، معاشرتی، سیاسی، تہذیبی پہچان اور ایک منفرد طرزِ زندگی کو بحال کرنے اور اس حوالے سے ان کو اقوامِ عالم میں ایک نمایاں مقام دلوانے کیلئے تھی۔.
انوار الحق کاکڑ نے یہ بھی کہا کہ قائد اعظم کی زندگی اصول پسندی، آئینی جدوجہد، سیاسی بصیرت، ایمان، اتحاد اور تنظیم کے زریں اصولوں کا عملی نمونہ تھی۔
قائد کے پاکستان میں کسی کو لسانی، طبقاتی، مذہبی اور عددی بنیادوں پر فوقیت حاصل نہیں۔ پاکستان کا وفاقی آئین قائدِ اعظم کے 14 نکات کی صحیح معنوں میں نمائندگی کرتا ہے جس کے تحت ہر اکائی کی انفرادی خوبصورتی کو ماند کئے بغیر سب کو یکساں ترقی و خوشحالی کے مواقع حاصل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے اور ہمیں جتنا آج قائد کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے شاید اس سے پہلے کبھی نہ تھی۔
بانی پاکستان قائدِ اعظم کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا اس سے بہتر کوئی اور طریقہ نہیں کہ ہم قائد اعظم کے سنہری اصولوں پر عمل کرکے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں۔ ہمیں ہر قسم کے اختلافات کو ختم کرکے مل کر سرزمینِ پاکستان کی ترقی کیلئے دن رات محنت کرنی ہے۔
نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کراچی میں قائداعظم محمدعلی جناح کے یوم وفات پر مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔