اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کراچی سمیت ملک بھر میں مختلف کارروائیوں میں 91 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کرلیں۔ 10 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔
اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی میں گل احمد کالونی میں سندھ رینجرز کے ہمراہ چھاپہ مار کارروائی کے دوران گھر سے صوابی کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے پاس سے 39 کلو 300 گرام چرس اور 12 کلو700 گرام افیون برآمد ہوئی۔
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ناردرن بائی پاس کراچی کے قریب بس سے بھی 10 کلوگرام ہیروئن برآمد کی۔ برآمد شدہ ہیروئین کو بس کی چھت میں خفیہ خانہ بنا کر سمگل کیا جا رہا تھا۔ دوران کارروائی تربت کے رہائشی دو ملزمان گرفتارکیے گئے۔
اے این ایف ترجمان کے مطابق سنگ جانی ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب رکشہ سے 15 کلو 600 گرام چرس برآمدکی گئی۔دوران کارروائی مردان کا رہائشی ملزم گرفتارکیا گیا ۔ موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ملزم سے ایک کلو گرام آئس برآمدکی گئی ۔اس موقع پر لنڈی کوتل کے رہائشی ملزم کو مسافر بس سے گرفتار کیا گیا۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر مسافر کے پیٹ سے 49 ہیروئن بھرے کیپسول برآمدکیے گئے۔ ساہیوال کا رہائشی ملزم بذریعہ پرواز نمبر کیو آر 609 سے مالی کیلئے روانہ ہورہا تھا۔
پشاور ایئرپورٹ پر ہنگو کے رہائشی مسافر کے پیٹ سے 35 آئس بھرے کیپسول برآمدکیے گئے۔ ملزم پرواز نمبر پی کے 285 کے ذریعے دوحہ کیلئے روانہ ہو رہا تھا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ رنگ روڈ پشاور پر مہران کار کے فیول ٹینک سے 12 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، دوران کارروائی سوات اور چارسدہ کے رہائشی دو ملزمان گرفتار ہوئے، گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔