ویسٹ انڈیز میں جاری انڈر 19 ورلڈکپ میں پاکستان کی ٹیم اپنی مہم کا کامیاب آغاز کیا اور پہلے میچ میں زمبابوے کو 115 رنز کے بڑے مارجن سے آؤٹ کلاس کیا۔ نوجوان بلے باز حسیب اللہ کو شاندار سینچری پر میچ کے بہترین پلیئر کا ایوارڈ دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گروپ سی میں شامل پاکستان اور زمبابوے کی ٹیمیں ویسٹ انڈیز کے جزیرے ٹرینیڈاڈ کے ڈیگو مارٹن اسپورٹس کمپلیس کے میدان پر مدمقابل آئیں۔ زمبابوے کی دعوت پر پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 315 رنز اسکور کئے۔
حسیب اللہ خان نے شاندار سینچری کرتے ہوئے 135 رنز کی اننگز کھیلی۔ عرفان خان نے بھی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 75 رنز بنائے۔ عبدالفسیح 27 رنز کے ساتھ تیسرے نمایاں بلے باز رہے۔ زمبابوے کے ایلکس فالاؤ نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔
زمبابوے نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو انکا کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 200 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ برائن بینیٹ 83 رنز بناکر نمایاں بیٹر ہے۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم کے اویس علی نے 6 ، ذیشان ضمیر اور احمد خان نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں۔