کراچی کے علاقہ گلشن اقبال میں آشنا کے ساتھ ملکر اپنے شوہر کو جوس میں زہر ملا کر قتل کرنے والی ملزمہ کو انویسٹی گیشن ایسٹ پولیس نے آشنا سمیت گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ ارینا جنت کی ڈیڑھ سال قبل لاہور کے رہائشی سلمان سے انسٹاگرام پر دوستی ہوئی جو آہستہ آہستہ محبت میں بدل گئی اور خاتون نے اپنے آشنا کے ساتھ ملکر شوہر راستہ سے ہٹانے کا منصوبہ بنالیا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ کے مطابق ملزم نے لاہور سے بذریعہ کوریئر سروس چاکلیٹ اور ایک عدد لیڈیز سینڈل ملزمہ کو کراچی بھجوائی، ملزم نے محبوبہ کو گفٹ کیے گئے سینڈل کی ہیل کے اندر فاسفائن زہر چھپا کر بھیجا۔
متوفی یوشاہ کی بیوی چالاکی سے اپنے شوہر کو فریش جوس پلانے بعد گلشن اقبال میں واقع ایک جوس سینٹر لے گئی، دھوکہ سے اس کے جوس میں آشنا کا بھیجا گیا زہر ملا دیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔
پولیس کے مطابق مقتول یوشاہ کے والد رضوان نے اپنے بیٹے کی موت کے بعد مقدمہ درج کرایا تھا اور یوشاہ کی اہلیہ ارینا جنت پر زہر دے کر قتل کرنے کا شبہ ظاہر کیا تھا۔ جسکے بعد کی جانے والے تحقیقات میں تمام حقائق سامنے آئے۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران تمام شواہد اکٹھے کئے گئے ہیں۔ متوفی کی اہلیہ ارینا جنت اور ملزم سلمان کو گرفتار کرلیا گیا۔