اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے 10 سال مکمل ہونے پر 100 روپے کا یادگاری سکہ جاری کردیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے بینکنگ کارپوریشن دفاتر نے آج سے سی پیک یادگاری سکے کی فراہمی شروع کردی۔
اسٹیٹ بینک نے بیان میں کہا ہے کہ 2013 میں شروع ہونے والے سی پیک منصوبے نے پاکستان کے انفراسٹرکچر اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس کے تحت اربوں ڈالر کے منصوبے مکمل ہوچکے ہیں اور کئی زیر تعمیر ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سی پیک کا یہ یادگاری سکہ گول شکل کا ہے جس کے کنارے ابھرے ہوئے ہیں۔ سکہ کا قطر 30ملی میٹر اور وزن 13.5 گرام ہے اسے 75 فیصد تانبے اور 25 فیصد نکل دھات سے بنایا گیا ہے۔
سکہ کے سامنے کی طرف وسط میں خوبصورتی سے بنایا ہوا پانچ کونوں والا بڑا ستارہ ہے، اس ستارے کے اندر فنکارانہ طور پر دائیں طرف ہلال اور ستارہ ہے اوربائیں طرف پانچ ستاروں کا جھرمٹ ہے۔
سکہ کی قیمت بڑے ستارے کے دائیں اور بائیں جانب بالترتیب 100اور اردو رسم الخط میں روپیہ میں لکھی گئی ہے، سکہ کے پچھلی طرف وسط میں خوبصورتی سے بنایا ہوا پانچ کونوں والا بڑا ستارہ ہے۔
ستارے کے اوپر بالائی نصف دائرے میں انگریزی رسم الخط میں ”CELEBRATING 10 YEARS OF CPEC ” اور زیریں نصف دائرے میں اردو رسم الخط میں“اسلامی جمہوریہ پاکستان”کے الفاظ کندہ ہیں۔
سکہ کے بیرونی کنارے پر بالائی نصف دائرے میں انگریزی اور چینی رسم الخط میں “ CHINA PAKISTAN ECONOMIC CORRIDOR” اور اندرونی زیریں نصف دائرے میں اردو رسم الخط میں ”پاکستان چین اقتصادی راہداری“کے الفاظ کندہ ہیں۔
اس کے علاوہ انگریزی میں ”FROM VISION TO REALITY“ بھی لکھا گیا ہے۔ سکے پر “2013” اور “2023” کے سال بھی نمایاں ہیں، تاکہ سی پیک کی ترقی کی دہائی کو یاد رکھا جائے۔