اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ پر صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی، وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مجھے فلسطین اور اسرائیل میں بڑھتے تشدد پر سخت تشویش ہے۔
اپنے ایک بیان میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مزید خونریزی اور انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے کیلئے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے، صورتحال فوری جنگ بندی کا تقاضا کرتی ہے کیونکہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان تشدد اور تصادم سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری پر زور دیتا ہوں کہ وہ فریقین کو لڑائی مزید بڑھانے سے روکنے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کرے اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق دیرینہ تنازعہ کے پرامن حل کیلئے کام کرے۔
پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان بڑھتے ہوئے تشدد پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ مشرق وسطیٰ میں بگڑتی صورتحال پر دل افسردہ ہے۔
انوار الحق کا کہنا تھا مسئلہ فلسطین کا فوری حل ناگزیر ہے، پاکستان شہریوں کے تحفظ اور تحمل پر زور دیتا ہے۔ مشرقی وسطیٰ میں پائیدار امن دو ریاستی حل میں مضمر ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل پر حماس کے حملے مسجد اقصیٰ اور مقدس مقامات پر اسرائیلی کارروائیوں کا ردعمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کیلئے اسرائیل کے غیر قانونی قبضے، یہودی آباد کاری اور فلسطینیوں پر مظالم کا خاتمہ ضروری ہے، اسرائیل فلسطینیوں کو حق خود ارادیت سے محروم کر رہا ہے، معصوم فلسطینیوں پر ظلم بند ہونا چاہیے، مسئلہ فلسطین کو فوری حل کرنا ہوگا۔
پی پی پی قیادت نے بھی فلسطینی عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔ سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ طویل عرصے سے فلسطینی عوام مظالم کا سامنا کر رہے ہیں، عالمی منصف فلسطینی عوام کی حمایت میں آواز بلند کریں۔ پاکستانی عوام کی ہمدردیاں اور دعائیں فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر کے عوام مظلوم و نہتے فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر حملے کی شدید مذمت کی اور مظلوم و نہتے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا، انہوں نے کہا کہ حماس نے اپنا مزاحمتی کردار ادا کرتے ہوئے پوری امت مسلمہ کا فرض کفایہ اد ا کیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حماس نے بیت المقدس کی آزاد ی کے لئے پیش رفت کی ہے، ہم ان کی مزاحمت کو سلام پیش کرتے ہیں، اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے اسے کسی صورت تسلیم نہیں کیا جا سکتا، اسرائیل کی غاصب افواج کے خلاف برسر پیکار فلسطینی مرد و خواتین، بچے، بزرگ اور نوجوان خراج تحسین کے مستحق ہیں جو پوری دنیا کے مسلمانوں کو جگا رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا اقوام متحدہ، امریکا، یورپ اور عالمی اداروں کی اسرائیل کے ظلم و ستم پر مجرمانہ خاموشی و بے حسی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔