آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کو اگلے ماہ کے آخر میں دورہ پاکستان پر آنا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 6 مارچ سے ٹیسٹ سیریز کا آغاز ہونا ہے اور شیڈول کے مطابق پہلا ٹیسٹ کراچی ، دوسرا راولپنڈی اور تیسرا لاہور میں کھیلا جانا ہے۔
آسٹریلیا کے میڈٰیا کی ایک رپورٹ کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز ایک ہی وینیو پر کرانے کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔ سیریز ایک ہی مقام پر کرانے وجہ صحت اور سیکیورٹی ہے۔
آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کی تیاریوں کی بھی تصدیق کردی ہے۔ سری لنکا کے خلاف سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کرکٹ آسٹریلیا نے واضح کیا کہ دورہ پاکستان کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش کو سری لنکا کے خلاف سیریز کیلئے اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔
آسٹریلوی ٹیم کے ہیڈکوچ جسٹن لینگر اور دیگر اہم سپورٹنگ اسٹاف بھی دورہ پاکستان کی تیاریوں کے لئے چھٹیاں لے گا۔ اینڈریو میکڈونلڈ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کوچنگ کریں گے۔
دوسری جانب پی سی بی نے ٹیسٹ سیریز ایک ہی وینیو پر کرانے سے متعلق خبروں کی تردید کردی ہے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کی شیڈول کے مطابق تیاری کررہے ہیں۔ ٹیسٹ سیریز میں 19 دن تک ایک ہی مقام پر انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنا ممکن نہیں ہے۔ آسٹریلوی ٹیم کراچی ، لاہور اور راولپنڈی میں ہی ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔