Close Button
Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

آرمی چیف اور انکے اہلخانہ سے متعلق سوشل میڈیا پر گمراہ کن اعداد وشمار شیئر کئے گئے، آئی ایس پی آر

سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور انکے اہلخانہ سے متعلق سوشل میڈیا پر جاری مبینہ ٹیکس تفصیلات پر آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ گمراہ کن اعداد و شمار مفروضوں کی بنیاد پر بڑھا چڑھا کرپیش کیے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے خلاف مذموم مہم پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ان کی فیملی کے اثاثوں سے متعلق سوشل میڈیا پر گمراہ کن اعدادوشمار شیئر کیے گئے ہیں۔ یہ گمراہ کن اعداد و شمار مفروضوں کی بنیاد پر بڑھا چڑھا کر پیش کیے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک خاص گروپ نے نہایت چالاکی و بد دیانتی کے ساتھ جنرل باجوہ کی بہو کے والد (سمدھی) اور فیملی کے اثاثوں کو آرمی چیف اور خاندان سے منسوب کیا ہے اور یہ سراسر غلط تاثر دیا جا رہا ہے کہ یہ اثاثے آرمی چیف جنرل باجوہ کے 6 سالہ دور میں ان کے سمدھی کی فیملی نے بنائے۔

یہ قطعی طور پر حقائق کے منافی اور کھلا جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ان کی اہلیہ اور خاندان کا ہر اثاثہ ایف بی آر میں باقاعدہ ڈکلیئرڈ ہے اور آرمی چیف اور ان کا خاندان باقاعدگی سے ٹیکس ریٹرن فائل کرتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہر شہری کی طرح آرمی چیف اور ان کی فیملی ٹیکس حکام کے سامنے اپنے اثاثہ جات سے متعلق جواب دہ ہیں۔

واضح رہے فیکٹ فوکس کے نامی ویب سائٹ پر جنرل قمر جاوید باجوہ کے مبینہ اثاثوں سے متعلق رپورٹ شائع کی گئی تھی۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آرمی چیف کے خاندان نے مبینہ طور پر گزشتہ 6 برسوں میں اربوں روپے کمائے۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts