کرکٹ کے مختصرترین فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی کے عالمی کپ کی میزبانی اس بار امریکا اور ویسٹ انڈیز کررہے ہیں۔ امریکا پہلی مرتبہ آئی سی سی کے کسی میگاایونٹ کی میزبانی کررہا ہے۔
گزشتہ چند سالوں میں امریکا میں کرکٹ کا کھیل تیزی سے فروغ پارہا ہے۔ امریکا کو عالمی کپ کی میزبانی ملی تو نیویارک، ٹیکساس اور فلوریڈا کو وینیوز کے طور پر شارٹ لسٹ کیا گیا۔
ٹیکساس میں ڈیلاس کا گرینڈ پریری اسٹیڈیم کا کرکٹ کیلئے استعمال 2020 سے شروع ہوا تاہم اس سے قبل اس میدان پر دیگر کھیل بھی کھیلے جاچکے ہیں۔
سب سے پہلے یہ میدان 2008 میں ٹیکساس ایئرہوگس بیس بال ٹیم کیلئے بنایا گیا تھا اور اسکا نام کوئیک ٹرپ پارک تھا۔ 2008 سے 2014 تک یہ گراؤنڈ بیس بال کیلئے ہی استعمال ہوتا رہا۔ 2016 میں کوئیک ٹرپ پارک کا معاہدہ ختم ہوا تو اس میدان کو بال پارک گرینڈ پریری یا ایئر ہوگس اسٹیڈیم کا نام دیا گیا۔
2017 میں یہ میدان ٹیکساس یونائیٹڈ سوکر ٹیم کیلئے مختص کیا گیا اور ٹیکساس یونائیٹڈ نے پریمیئرڈولپمنٹ لیگ کے اپنے ہوم میچز اسی میدان پر کھیلے۔
2020 میں امریکن کرکٹ انٹرپرائز نے ایک لانگ ٹرم معاہدہ کیا جسکے تحت اس میدان کو کرکٹ اسٹیڈیم میں تبدیل کیا گیا اور اب یہ میدان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ کی میزبانی کرے گا۔ اس میدان پر اب تک کرکٹ کا کوئی بھی انٹرنیشنل میچ نہیں ہوا ہے۔
اس اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی گنجائش پہلے صرف 7 ہزار تھی جسے اب بڑھاکر 15 ہزار تک کردیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اسٹیڈیم کی تعمیر میں 20 ملین ڈالر کا خرچہ آیا ہے۔
ڈیلاس کا گرینڈ پریری اسٹیڈیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ کی میزبانی بھی کرے گا۔ امریکا اور کینیڈا کی ٹیمیں اس میدان پر ان ایکشن ہوں گی۔
مجموعی طور پر اس میدان پر عالمی کپ کے 4 میچز کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کی بھی ٹیم گرینڈ پریری اسٹیڈیم میں ایک میچ کھیلے گی۔ پاکستانی ٹیم میگاایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز اسی گراؤنڈ سے کرے گی۔ پاکستان اور امریکا کے درمیان 6 جون کو اس میدان پر میچ ہوگا۔
ڈیلاس کے گرینڈ پریری اسٹیڈیم میں شیڈول دیگر دو میچز میں نیدرلینڈز اور نیپال کے درمیان میچ 4 جون کو ہوگا۔ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان میچ 8 جون کو کھیلا جائے گا۔