وزیراعظم شہباز شریف کی چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ لیجی سے ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے چیئرمین ژاؤ کو چینی سیاست اور معاشرے کیلئے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین ژاؤ کو نیشنل پیپلز کانگریس کے سالانہ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ مضبوط تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے، دونوں ممالک کے درمیان منفرد اور خصوصی تعلقات سٹریٹجک اعتماد، مشترکہ نظریات اور عملی تعاون پر مبنی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک کے فیز ٹو کے تحت پائیدار ترقی، خصوصی اقتصادی زونز، صنعتوں میں تعاون کو ترجیح دی جائے گی، آئی ٹی، کانوں اور معدنیات، زراعت اور متبادل توانائی کے شعبوں میں تعاون کو ترجیح دی جائے گی۔
چیئرمین ژاؤ لیجی نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ پائیدار شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پُرعزم ہے، دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کی حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں فریقین نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں میں مثبت رفتار کا ذکر کیا، فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان گہری دوستی کو مزید مضبوط و مستحکم کرنے کیلئے اس رفتار کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے نیشنل پیپلز کانگریس اور پاکستان کی پارلیمنٹ کے درمیان روابط اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا، وزیراعظم نے پارلیمانی تبادلوں کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد اقدامات تجویز کیے۔
شہباز شریف نے سی پیک کے تحت سیاسی جماعتوں کے مشترکہ مشاورتی طریقہ کار کے اگلے دور کے انعقاد پر زور دیا، چیئرمین ژاؤ نے وزیراعظم کو یو این سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔