Search
Close this search box.

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم اعدادوشمار، کون سا ریکارڈ کس کے پاس ہے؟

کرکٹ کے مختصرترین فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی کے عالمی کپ کا آغاز 2007 سے ہوا اور اب تک اس فارمیٹ کے 8 ورلڈکپ ہوچکے ہیں جس میں کئی ریکارڈز ۔۔ ریکارڈ بک کا حصہ بن چکے ہیں۔ 

سب سے زیادہ میچز جیتنے کا اعزاز کس کے پاس؟

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ میچز جیتنے کا اعزاز سری لنکا کے پاس ہے۔ سری لنکا نے میگاایونٹ کے 51 میں سے 31 میچ جیتے ہیں۔ 19 میں شکست ہوئی۔ ایک میچ ٹائی ہوا جسکے سپراوور میں سری لنکا کو کامیابی ملی۔

پاکستان کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سب سے زیادہ میچز جیتنے والی ٹیموں میں دوسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان نے 47 میں سے 28 میچز جیت رکھے ہیں۔ 18 میں شکست ہوئی۔ایک میچ ٹائی ہوا جسکے سپراوور میں پاکستان کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔

کم ترین اسکور کا ریکارڈ

میگاایونٹ میں کم ترین اسکور کا منفی ریکارڈ نیدرلینڈز کے نام پر ہے۔ نیدرلینڈز کی ٹیم 2014 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سری لنکا کے خلاف صرف 39 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

سب سے بڑے مجموعہ کا ریکارڈ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے بڑے مجموعہ کا ریکارڈ سری لنکا کے پاس ہے۔ سری لنکا نے 2007 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کینیا کے خلاف میچ میں 6 وکٹوں پر 260 رنز اسکور کئے تھے۔ اس میچ میں سری لنکا نے 172 رنز سے کامیابی حاصل کی جو عالمی کپ کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح کا ریکارڈ بھی ہے۔

وکٹوں کے اعتبار سے ورلڈکپ میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، عمان، پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کو 10 ، 10 وکٹوں سے میچ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازکون؟

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ میں بھارت کے ویرات کوہلی سب سے زیادہ رنزبنانے والے بلے باز ہیں۔ ویرات کوہلی نے 27 میچز میں 1 ہزار 141 رنزبنارکھے ہیں۔ کوہلی نے 14 نصف سینچریاں بھی بنائی ہیں۔

انفرادی اننگز کی بات کی جائے تو نیوزی لینڈ کے برینڈن میکولم نے 2012 کے ورلڈکپ میں بنگلہ دیش کے خلاف 58 گیندوں پر 123 رنز کی اننگز کھیلی تھی جو سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے۔

سب سے سے زیادہ چھکے کس نے لگائے؟

ویسٹ انڈیز کے کرس گیل ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 63 چھکے لگانے والے بلے باز ہیں۔ گیل کو میگاایونٹ میں تیزترین سینچری کا ریکارڈ بھی حاصل ہے۔ گیل نے 2016 میں انگلینڈ کے خلاف 47 گیندوں پر سینچری کی تھی۔

سب سے زیادہ صفر پر کون آؤٹ ہوا؟

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ میں  پاکستان کے شاہد آفریدی سب سے زیادہ 5 مرتبہ ڈک یعنی صفر پر آؤٹ ہونے والے بلے باز ہیں۔

باؤلرز کی فہرست میں کون سب سے آگے؟

باؤلرز میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن 36 میچز میں 47 وکٹوں کے ساتھ عالمی کپ کی تاریخ میں سرفہرست ہیں۔ ایک میچ میں بہترین باؤلنگ کا ریکارڈ سری لنکا کے اجنتھا مینڈس کے پاس ہے۔ مینڈس نے 2012 میں زمبابوے کے خلاف میچ میں 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

سب سے کامیاب وکٹ کیپر کون؟

بھارت کے مہندرسنگھ دھونی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے کامیاب ترین وکٹ کیپر ہیں۔ دھونی نے 33 میچز میں وکٹوں کے پیچھے 32 شکار کئے جس میں 21 کیچ اور 11 اسٹمپ شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز کے پاس ورلڈکپ کے سب سے بہترین فیلڈر کا اعزاز ہے۔ ڈویلیئرز نے 30 میچز میں 23 کیچز لئے ہیں۔

سب سے بڑی پارٹنرشپ کا ریکارڈ کس کے پاس؟

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے بڑی پارٹنرشپ انگلینڈ کے جوزبٹلر اور ایلکس ہیلز نے بھارت کے خلاف 2022 میں بنائی۔ دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں ناقابل شکست 170 رنز کی شراکت قائم کی۔

سب سے زیادہ میچز میں قیادت کرنے والے کرکٹر کا اعزاز کس کے پاس؟

بھارت کے مہندرسنگھ دھونی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سب سے زیادہ میچز میں قیادت کرنے والے کرکٹر بھی ہیں جبکہ دھونی کو بحیثیت کپتان سب سے زیادہ 20 میچ جیتنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

سب سےزیادہ میچز سپروائز کرنے والا امپائر کون؟

امپائرز میں پاکستان کے علیم ڈار کے پاس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سب سے زیادہ 45 میچز میں امپائرنگ کرنے کا ریکارڈ ہے۔

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں