ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پاکستان کرکٹ ٹیم کا پسندیدہ فارمیٹ رہا ہے اور اس فارمیٹ کے عالمی کپ میں بھی مجموعی طور پر پاکستان کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اب تک 8 ایڈیشن ہوئے ہیں اور ان 8 میں سے پاکستانی ٹیم 6 ایونٹس کے سیمی فائنل تک پہنچی جبکہ 3 مرتبہ فائنل بھی کھیل چکی ہے۔ گرین شرٹس نے 2009 میں یونس خان کی قیادت میں چیمپیئن بننے کا بھی اعزاز حاصل کیا تھا۔
پاکستانی ٹیم فتوحات کے اعتبار سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ کی دوسری کامیاب ترین ٹیم ہے۔ گرین شرٹس نے 47 میچز میں سے 28 جیتے، 18 میں شکست ہوئی اور ایک میچ ٹائی ہوا۔ ٹائی ہونے والے میچ کے سپراوور میں بھی قومی ٹیم کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کا بہترین اسکور 5 وکٹوں پر 201 رنز ہے جو 2016 میں کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں اسکور بورڈ کی زینت بنا۔
اسی میچ میں پاکستان کی جانب سے احمدشہزاد نے سینچری اسکور کی تھی۔ احمدشہزاد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ میں سینچری بنانے والے واحد پاکستانی بلے باز ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی کے عالمی کپ میں پاکستان کا کم ترین اسکور 82 رنز ہے۔ قومی ٹیم 2014 کے ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ڈھاکہ کے اسٹیڈیم میں 82 رنز پر ڈھیر ہوئی تھی۔
عالمی کپ میں رنز کے اعتبار کے پاکستان کی سب سے بڑی فتح 82 رنز کی ہے۔ 2009 کے ورلڈکپ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو لارڈز میں 82 رنز سے ہرایا تھا۔ وکٹوں کے اعتبار سے 10 وکٹوں جیت پاکستان کے نام پر ہے۔ پاکستان نے 2021 میں روایتی حریف بھارت کو دبئی میں 10 وکٹوں سے زیرکیا تھا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کے سب سے کامیاب بلے باز شعیب ہیں۔ شعیب ملک نے 34 میچز میں 646 رنز بنائے جس میں 3 نصف سینچریاں شامل تھیں۔
پاکستان کے جارح مزاج آل راؤنڈر شاہدآفریدی کو میگاایونٹ کی تاریخ میں منفرد اعزاز حاصل ہے۔ شاہدآفریدی سب سے زیادہ 21 چھکے لگانے والے بلے باز ہیں تو سب سے زیادہ 5 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ بھی شاہدآفریدی کو ہی حاصل ہے۔
شاہدآفریدی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر بھی ہیں۔ شاہدآفریدی نے 34 میچز میں 39 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔
ایک میچ میں بہترین باؤلنگ کا ریکارڈ عمرگل کے پاس ہے۔ عمرگل نے 2009 کے ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 3 اوورز میں 6 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ عمرگل ایک میچ میں 5 وکٹیں لینے والے اب تک پاکستان کے واحد باؤلر ہیں۔
وکٹ کیپرز میں پاکستان کی جانب سے کامران اکمل سرفہرست ہیں۔ کامران اکمل نے 30 میچز میں 30 شکار کئے جس میں 12 کیچ اور 18 اسٹمپ شامل ہیں۔ شعیب ملک ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی جانب سے سب سے بہترین فیلڈر ہیں۔ شعیب ملک نے 12 کیچز لئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی جانب سے سب سے بڑی پارٹنرشپ کا ریکارڈ بابراعظم اور محمدرضوان کے پاس ہے۔ دونوں نے 2021 میں بھارت کے خلاف میچ میں پہلی وکٹ پر ناقابل شکست 152 رنز کی شراکت بنائی تھی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سب سے زیادہ میچز جیتنے والے کپتان کا اعزاز بابراعظم کے پاس ہے۔ بابراعظم نے 13 میچ میں پاکستان کی کپتانی کی۔ 4 میچز میں شکست کا داغ سہنا پڑا اور 9 میچز میں کامیابی حاصل کی۔