ٹرین میں خاتون کے ساتھ زیادتی کرنے والے 5 ملزمان پر فرد جرم عائد

کراچی کی سیشن عدالت نے بہاؤالدین زکریا ایکسپریس ٹرین میں خاتون مسافر کے ساتھ اجتماعی زیادتی کرنے والے اور جنسی زیادتی کی فلم بنانے والے 5 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

بہاؤالدین زکریا ایکسپریس کے ایک ٹرین منیجر اور چار ٹکٹ چیکرز پر 25 سالہ متاثرہ لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام ہے، جو 27 اور 28 مئی کی درمیانی شب ملتان سے کراچی آرہی تھی۔

ڈان کی رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (جنوبی) اشرف حسین نے ملزمان کو فرد جرم عائد کی۔ تین زیر حراست افراد کو جیل سے پیش کیا گیا جبکہ دیگر دو ملزمان ضمانت پر پیش ہوئے۔

تمام ملزمان نے الزمات کو رد کرتے ہوئے قصوروار نہ ہونے کی استدعا کی اور مقدمہ لڑنے کا انتخاب کیا جسکے بعد جج نے استغاثہ کے گواہوں کو یکم اگست کو شہادتیں قلمبند کرانے کیلئے طلب کرلیا۔ 

واضح رہے اس کیس کی چارج شیٹ انسپکٹر حبیب اللہ خٹک نے جمع کرائی تھی جسکےمطابق خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں چار ملزمان کے خلاف چارج شیٹ کی تھی۔

پانچویں ملزم کو مبینہ طور پر جرم میں مدد دینے اور اس کی حوصلہ افزائی کرنے اور ثبوت چھپانے کی کوشش کے الزام میں چارج شیٹ کیا گیا تھا۔

استغاثہ کے مطابق 25 سالہ خاتون کو اس وقت زیادتی کا نشانہ بنایا گیا جب وہ 27 اور 28 مئی کی درمیانی رات اکانومی کلاس میں اکیلی سفر کر رہی تھی۔ 

واقعہ اس وقت پیش آیا جب متاثرہ خاتون کو ملتان سے کراچی آنے والی ٹرین میں ٹکٹ چیکر نے اسے ایئر کنڈیشنڈ ڈبے میں بیٹھنے کی پیشکش کی۔  جہاں اس نے ٹرین کے دیگر ملازمین کے ساتھ مل کر اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

تحقیقاتی رپورٹ میں الزام لگایا گیا ہے کہ ملزم نے متاثرہ کی ویڈیو بھی بنائی تاکہ اسے بلیک میل کیا جاسکے یا اس کا استعمال کرکے مالی فائدہ اٹھایا جاسکے۔

آئی او نے تحقیقاتی رپورٹ میں یہ نتیجہ اخذ کیا کہ حالات، فرانزک اور میڈیکل شواہد کے ساتھ ساتھ گواہوں کے بیانات کی روشنی میں یہ ثابت ہوا ہے کہ ملزم نے یکے بعد دیگرے زیادتی کی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے ڈی این اے کے نمونے بھی متاثرہ کے نمونے سے مماثل ہیں، جو اس جرم میں ان کے ملوث ہونے کی تصدیق کرتے ہیں۔

متاثرہ خاتون کی شکایت پر پاکستان ریلوے سٹی پولیس اسٹیشن میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 376 (ریپ کی سزا) اور 34 (مشترکہ نیت) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts