مون سون کی متوقع بارشوں کے پیش نظر سندھ بلڈنگ اینڈ کنٹرول اتھارٹی نے صوبے کی خطرناک اور ناقابل استعمال عمارتوں کی نشاندہی کرکے مکینوں کو دوسری جگہ منتقل ہونے کیلئے نوٹسز جاری کردئے ہیں۔
سندھ بلڈنگ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کے ماہرتعمیراتی انجینئرز پر مشتمل ٹیکنیکل کمیٹی کی جانب سے اب تک کے سروے میں کراچی کی 554 اور دیگر ریجنز کی 151 سمیت سندھ کی 655 عمارتوں کوخطرناک اورناقابل استعمال قرار دیا جاچکا ہے۔
سندھ بلڈنگ اینڈ کنٹرول اتھارٹی نے خطرناک قراردی گئی عمارتوں کے مکینوں اوراستعمال کنندہ ایک بار پھر انتباہی نوٹسزجاری کئے ہیں اور عمارتوں کوفوری خالی کرنے کیلئے کہاگیاہے۔
مون سون کی متوقع بارشوں کے دوران حادثات کے خدشات کے پیش نظرسندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں قائم کردہ رین ایمرجنسی سینٹر پہلی بارش سے فعال ہوجائے گا۔
ایس بی سی اے کے رین ایمرجنسی سینٹر میں بشمول تعطیلات ہفتے کے ساتوں دن ٹیکنیکل عملہ 3 شفٹوں میں 24 گھنٹے ڈیوٹی پر حاضر رہے گا۔
بارشوں کے دوران مخدوش عمارتوں میں ہونے والے حادثے کی صورت میں متعلقہ انتظامی و امدادی محکموں وانجمنوں وغیرہ کے ساتھ مل کرہنگامی نوعیت کی تکنیکی امدادی معاونت فراہم کی جاسکے۔
اس سلسلے میں ڈائریکٹرجنرل محمد اسحاق کھوڑوکی جانب سے افسران سمیت تمام ایمرجنسی عملے کو وقت کی پابندی کی خصوصی ہدایت دی گئی ہے۔