اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے مختصر فیصلہ سنایا، بینچ میں چیف جسٹس عامرفاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب شامل تھے۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں سزا کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے ان کی سزا کالعدم قرار دے دی
شاہ محمود قریشی کی بھی سائفر کیس میں سزا کےخلاف اپیل منظور کرلی گئی، شاہ محمود قریشی کو بھی سائفر کیس میں بری کردیا گیا۔ٹرائل کورٹ نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10۔ 10 سال قید کی سزا سنائی تھی
یاد رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے 30 ستمبر کو عدالت میں چالان جمع کروایا تھا جس میں مبینہ طور پر عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے سیکشنز 5 اور 9 کے تحت سائفر کا خفیہ متن افشا کرنے اور سائفر کھو دینے کے کیس میں مرکزی ملزم قرار دیا تھا۔
اس کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی جوڈیشل ریمانڈ پر راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید ہیں، کیس کی ابتدائی سماعت اٹک جیل میں ہوئی تھی جس کے بعد انہیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔