Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

امریکا نے روس کا دورہ کرنے پر عمران خان کو سزا دی ہے، روسی وزارت خارجہ

روس کے وزارت خارجہ نے پاکستان میں سیاسی صورتحال اور بحران کا ذمہ دار امریکا کو قرار دے دیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا نے عمران خان کو روس کا دورہ کرنے پر سزا دی ہے۔

 

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاکاروا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا اوراس کے مغربی اتحادیوں نے فروری میں روس کا دورہ منسوخ کرنے کے لئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان پرزبردست دباؤ ڈالا۔

 

روسی وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس کے درمیان امریکی نائب وزیرخارجہ برائے جنوبی ایشیا ڈونلڈ لیو نے واشنگٹن میں پاکستانی سفیرکوطلب کرکے دورہ فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا جسے رد کردیا گیا۔

 

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کے بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس کے بعد پیدا صورتحال سے واضح ہے کہ امریکا نے بات نہ ماننے پر وزیراعظم عمران خان کوسزا دینے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم کے اپنی جماعت کا ایک گروپ اچانک اپوزیشن میں چلا گیا اورپارلیمان میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی گئی۔

 

روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ امریکا کی جانب سے آزاد ریاست کے معاملات میں اپنے خودغرضانہ مقاصد حاصل کرنے کے لئے شرمناک مداخلت کی کوشش ہے۔

 

واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے بھی اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک کو امریکی سازش قرار دیا تھا۔ قومی اسمبلی میں بھی ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے عدم اعتماد کی قرار داد کو بیرونی سازش اور آئین کے منافی قرار دے کر مسترد کردیا گیا۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
جواب دیں
Related Posts