بھارت کو رواں برس ٹی ٹوئنٹی کا عالمی جتوانے والے کپتان روہت شرما نے اعتراف کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف فائنل میچ کے آخری لمحات میں رشپ پنت نے انجری کا بہانہ بناکر میچ کو روکا اور شاید اسی وجہ سے حریف ٹیم کا تسلسل ٹوٹا۔
روہت شرما اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی فاتح بھارتی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے ایک کامیڈی پروگرام میں شرکت کی۔ دیگر کھلاڑیوں میں سوریا کمار یادو، اکشر پٹیل، شیوم دوبے اور ارشدیپ سنگھ شامل تھے۔ پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں روہت شرما نے بتایا کہ میچ کے آخری لمحات میں جنوبی افریقہ کی ٹیم حاوی ہوئی تھی انکی وکٹیں بھی باقی تھیں اور رنز بھی کم ہوتے جارہے تھے اور کھلاڑیوں کے چہروں پر پریشانی بھی عیاں ہونا شروع ہوگئی تھی۔
روہت شرما نے مزید بتایا کہ کسی کو ایک بات معلوم نہیں ہے اور وہ یہ ہے کہ جس وقت جنوبی افریقہ کو 30 گیندوں پر 30 رنز درکار تھے اس سے پہلے ایک چھوٹا سا میچ میں وقفہ آیا تھا اور وہ ہوا یہ تھا کہ ہمارے رشپ پنت نے دماغ لگاکر گیم کو روک دیا تھا۔ رشپ پنت نے ظاہر کیا کہ اسکے گھٹنے میں کچھ لگ گیا اور فزیو اسکے گھٹنے پر ٹیپنگ وغیرہ کرنے لگا۔
Rohit Sharma praising Rishab Pant for the break when they needed 30 on 30 #RohitSharma𓃵 #RishabhPant pic.twitter.com/JwZjihkzUT
— Sarthak Aggarwal 🇮🇳 (@Sarthak130305) October 5, 2024
روہت شرما کا کہنا تھا کہ اس وقت کھیل بہت تیزی سے چل رہا تھا ایسے وقت میں بلے باز چاہتا ہے کہ بس باؤلر جلدی جلدی گیند کرائے ، تو ہمیں انکے اس تسلسل کو توڑنا تھا تو رشپ پنت نے اس طرح میچ کو سلو ڈاؤن کیا۔
روہت شرما نے کہا کہ جنوبی افریقی بلے باز ہینرخ کلاسن کے آؤٹ ہونے کی لازمی نہیں یہی وجہ ہو لیکن ایک وجہ یہ ضرور ہوسکتی ہے۔ میچ میں ہمارے رشپ پانت نے دماغ لگایا اور ہمارا کام ہوگیا کیونکہ اسکے بعد ہی ہاردک پانڈیا نے کلاسن کو آؤٹ کیا تھا۔
روہت شرما نے بتایا کہ میچ کے دوران ہمارے کھلاڑیوں نے جنوبی افریقی بلے بازوں پر جملے بازی بھی کی اور ہمارے لئے وہ کرنا ضروری تھا کیونکہ ہمیں کسی بھی حال میں وہ میچ جیتنا تھا اور وہ میچ جیتنے کیلئے ایک دو جرمانے بھی ہوجاتے تو کوئی مسئلہ نہیں تھا۔ میں نے کھلاڑیوں کو یہی کہا تھا جسکو جو بولنا ہے بولو، امپائرز اور میچ ریفری کو ہم بعد میں ہینڈل کرلیں گے۔